کوئٹہ(ویب نیوز) کوئٹہ میں چھ سالہ بچے علی شاہ کی بوری میں بند لاش ملنے کے واقعے کا وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بچے کی موت کی وجوہات معلوم کرنے اور واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ذرائع کے مطابق چھ سالہ علی شاہ 20 اگست سے لاپتہ تھا اور ہفتے کی صبح اس کی بوری میں بند لاش اس کے گھر کے سامنے سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش اور غم کی فضا پھیل گئی ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور بچے کی موت میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
