مستونگ(ویب نیوز) مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ کے مقام گرو میں قومی شاہراہ پر سکیورٹی فورسز کے قافلے کو مبینہ طور پر نشانہ بناتے ہوئے دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور 10 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد شہید اہلکار کی میت اور زخمیوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دونوں جانب سے بند کردیا گیا جبکہ علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے مواد کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
