اوستہ محمد (ویب نیوز) اوستہ محمد کے ایس پی حافظ معاذ الرحمن نے ڈی ایس پی داؤد کھوسہ، ایس ایچ او ندیم بہرانی اور پولیس نفری کے ہمراہ رات گئے شہر کے مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں کا اچانک دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران پولیس نے مختلف ہوٹلوں، موٹر سائیکلوں اور مشکوک افراد کی سخت تلاشی لی، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر گشت اور نگرانی بھی مزید بڑھا دی گئی۔ ایس پی نے پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی امور میں مزید چوکس اور مستعد رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رات کے اوقات میں گشت کے دائرہ کار کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری توجہ دی جائے۔ پولیس نے شہریوں کی آمدورفت، مشکوک موٹر سائیکلوں اور دیگر مشتبہ افراد کی چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ پولیس حکام کے مطابق جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے شہر میں گشت اور چیکنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ اہم مقامات پر تعینات اہلکاروں کو ہر وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایس پی حافظ معاذ الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوستہ محمد میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر وقت تیار اور متحرک ہے اور سیکیورٹی کے معاملات میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
