حیردین (ویب نیوز) ایک روز قبل ڈیرہ اللہ یار شہر کے مصروف بازار میں دن دہاڑے مسلح افراد کی فائرنگ سے عوامی پریس کلب صحبت پور کے نائب صدر اور صحافی نظر علی کنرانی شہید جبکہ ان کا ایک رشتہ دار زخمی ہوگیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، تاہم دیگر ملزمان تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہیں، جس کے باعث صحافی برادری میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ عوامی پریس کلب صحبت پور سمیت مختلف صحافتی تنظیموں نے صحافی نظر علی کنرانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ صحافیوں کا تحفظ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے اور دن دہاڑے ایک صحافی کا قتل انتہائی افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے، جس سے صحافیوں میں عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔ صحافی برادری نے پولیس اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل کے واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور شہید صحافی کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ صحافتی تنظیموں نے واضح کیا ہے کہ صحافی پر حملہ آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے اور قاتلوں کی گرفتاری تک وہ اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
