مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میڈیا فورم کا قیام اہم پیش رفت ہے: صادق خان اچکزئی

کوئٹہ (ویب نیوز)مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے سربراہ صادق خان اچکزئی، مرکزی رہنما عباس خان درانی، بلوچستان کے صوبائی سربراہ اسلم خان اچکزئی اور دیگر رہنماؤں نے بلوچستان میڈیا فورم کے نو منتخب صدر قیوم بلوچ، جنرل سیکرٹری اللہ داد رند، مرکزی عہدیداران، ڈویژنل سربراہان اور مرکزی کمیٹی کے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے صوبے میں صوبائی سطح پر ایک منظم صحافتی ادارے کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافت ایک مشکل اور ذمہ دارانہ شعبہ ہے اور میڈیا کارکنان، بالخصوص پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافی، مختلف مشکلات، مسائل اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط، منظم اور مؤثر پلیٹ فارم کی ضرورت تھی اور بلوچستان میڈیا فورم کا قیام اس خلا کو پُر کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے محدود وسائل کے باوجود ہمیشہ عوامی مسائل، محرومیوں اور بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کی اور صوبے کے دور دراز علاقوں کے مسائل بھی اجاگر کیے، تاہم افسوس کہ میڈیا کارکنان کے اپنے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ رہنماؤں نے بلوچستان کے معروف اور سینئر صحافی و بلوچستان میڈیا فورم کے نو منتخب صدر قیوم بلوچ اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبے کے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور صوبائی سطح پر ایک منظم صحافتی ادارہ قائم کرنے کے لیے قابلِ ذکر جدوجہد کی، جو بلوچستان کی صحافت کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ مظلوم عوامی تحریک کے رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میڈیا فورم کے نو منتخب عہدیداران اور مرکزی کمیٹی کے ارکان صحافیوں کے مسائل کے حل، آزادیٔ صحافت کے تحفظ اور میڈیا کارکنان کے بنیادی حقوق کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فورم کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر تمام صحافیوں اور میڈیا کارکنان کی آواز بننا چاہیے۔ رہنماؤں نے قیوم بلوچ، اللہ داد رند، مرکزی عہدیداران، ڈویژنل سربراہان اور مرکزی کمیٹی کے تمام ارکان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم عوامی تحریک صحافیوں کے قانونی مطالبات اور حقوق کے لیے ان کی ہر مثبت اور قانونی جدوجہد کی حمایت کرے گی۔