مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

تربت میں ساحلی شاہراہ حادثے میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی نماز جنازہ ادا

تربت (ویب نیوز)ساحلی شاہراہ کے بزی ٹاپ کے علاقے میں پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی نماز جنازہ تربت کے چاہسر گشتنگ قبرستان میں ادا کردی گئی، جس کے بعد تمام جاں بحق افراد کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں علاقے کے رہائشیوں، رشتہ داروں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سوگوار افراد نے شرکت کی۔ افسوسناک حادثے میں گاڑی میں سوار ایک خاندان کے والد، والدہ اور پانچ بچے جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ رینٹ اے کار کا ڈرائیور بھی حادثے کے مقام پر جان کی بازی ہار گیا تھا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ اور غم کی فضا قائم ہے اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔