کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور بلوچستان صوبائی اسمبلی کے رکن حاجی محمد خان طور اوتمانخیل نے کہا ہے کہ لورالائی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سڑکوں کی تعمیر و تکمیل انتہائی اہم ہے کیونکہ ضلع میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور معاشی ترقی بڑی حد تک سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے وابستہ ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے بلکہ ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لورالائی ضلع وسیع اور دور دراز علاقوں پر مشتمل ہے، اس لیے ان علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے سے ان کے بہت سے مسائل مقامی سطح پر حل کیے جاسکتے ہیں۔ حاجی محمد خان طور اوتمانخیل نے واضح کیا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری ملازمین اپنی مقررہ جگہوں پر حاضری یقینی بنائیں اور غیر حاضری کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ٹھیکیدار کام میں غفلت برتیں یا ناقص تعمیراتی سامان استعمال کریں تو ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام جاری منصوبوں کے حوالے سے تکنیکی مسائل کو رپورٹس میں واضح کیا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام جاری منصوبوں میں معیار کو خصوصی اہمیت دی جائے کیونکہ معیار پر ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، جبکہ وہ خود بھی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے اور تمام افسران سے جاری منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کریں گے۔
