صحبت پور(ویب ڈیسک) صحبت پور میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری اس وقت ’’بند کچہری‘‘ میں تبدیل ہوگئی جب صحافیوں اور میڈیا نمائندوں کو داخلے، کوریج اور اجلاس کی کارروائی ریکارڈ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے صحافیوں کو کوریج سے روک دیا، جس پر مقامی صحافیوں اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا نمائندوں کا کہنا ہے کہ بظاہر انتظامیہ عوام کے سخت سوالات اور اپنی کمزوریوں کے سامنے آنے کے خدشے کے باعث صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے سے روک رہی ہے۔ صحافتی تنظیموں نے اس اقدام کو ’’بادشاہت‘‘ اور آزاد صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور صحبت پور میں میڈیا کو آزادانہ طور پر خبری کوریج کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
