کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ معیشت انسانی معاشرے کی اساس ہے اور قومی آمدنی کا 90 فیصد سے زائد حصہ تاجروں اور صنعت کاروں کے ٹیکسوں سے حاصل ہوتا ہے، اس لیے حکومت ان کی بنیادوں کو مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے دورے اور نئے کانفرنس ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے پیٹرن ان چیف جمعہ خان نورزئی، صوبائی مشیر نسیم الرحمن ملاخیل، عبدالرحیم زیارتوال، میر لیاقت لہڑی اور دیگر اراکین اسمبلی سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔گورنر بلوچستان نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ تجارت اور اسمگلنگ کو ایک دوسرے سے الگ رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاجر برادری کرونا وبا، بارڈرز کی بندش اور خطے کی کشیدہ صورتحال سے شدید متاثر ہوئی ہے، لہذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم کرے اور پالیسیاں بناتے وقت انہیں اعتماد میں لیا جائے۔ جعفر خان مندوخیل نے یقین دلایا کہ وہ تاجروں کی تجاویز و شکایات وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان تک پہنچائیں گے تاکہ ان کے مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔
