مقامی ۲۰ اگست ۲۰۲۶

میر حاصل خان بزنجو جمہوریت کی مضبوط آواز اور جمہوری جدوجہد کے رہنما تھے۔علی احمد لانگو

کوئٹہ(ویب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو نے جمہوری رہنما میر حاصل خان بزنجو کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر حاصل خان بزنجو جمہوریت، آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور قومی خودمختاری کے مضبوط علمبردار تھے۔ انہوں نے کہا کہ 20 اگست جمہوری جدوجہد کی تاریخ کا ایک افسوسناک دن ہے، کیونکہ اسی روز ملک ایک بلند حوصلہ، بہادر اور اصول پسند رہنما سے محروم ہوا۔ میر حاصل خان بزنجو جمہوری مزاحمتی سیاست کے اہم رہنماؤں میں شامل تھے، جنہوں نے ہر دور میں آمریت، ظلم، غیر جمہوری رویوں اور عوامی حقوق کی پامالی کے خلاف اصولی اور جرأت مندانہ آواز بلند کی۔ علی احمد لانگو نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو کی جدوجہد بلوچستان کے عوام کے سیاسی، قومی اور معاشی حقوق، حقیقی وفاقیت، پارلیمانی بالادستی اور ملک میں شفاف جمہوری عمل کے لیے تھی، جبکہ ان کے سیاسی نظریات اور جدوجہد آج بھی جمہوریت پسند قوتوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ نیشنل پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو کی برسی کے موقع پر 20 اگست کو بلوچستان بھر میں فاتحہ خوانی اور تعزیتی و یادگاری اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، جبکہ 20 ستمبر کو کوئٹہ میں مرکزی ریفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں نیشنل پارٹی کی قیادت کے علاوہ مختلف فکری اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شرکت کریں گے اور میر حاصل خان بزنجو کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔