مقامی ۲۰ اگست ۲۰۲۶

بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں چمن کے ہاشم پیکٹ پر ایف سی کی فائرنگ سے پارٹی کارکن حاجی کرو صالح زئی کے بیٹے ظہور احمد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بیان میں گورنر بلوچستان، وزیراعلی بلوچستان، کور کمانڈر 12، آئی جی ایف سی اور کمشنر کوئٹہ سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور فائرنگ میں ملوث ایف سی اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ پارٹی نے کہا کہ ایف سی کی مبینہ زیادتی اور فائرنگ کے نتیجے میں انسانی جان کے ضیاع کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی مختلف واقعات اور چیک پوسٹوں پر شہریوں کا خون بہایا گیا ہے اور پارٹی مسلسل ایسے واقعات کی شفاف تحقیقات، متاثرین کو انصاف اور ملوث ایف سی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ چمن پہلے ہی بدامنی اور خوف کی صورتحال سے دوچار ہے، تجارت، روزگار اور کاروبار متاثر ہیں اور عوام کو روزمرہ خوراک کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، ایسے حالات میں سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک بے گناہ شخص کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک اور فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ایسے واقعات کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے مقتول ظہور احمد کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ پارٹی نے ایک بار پھر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ظہور احمد کے قتل سمیت ان تمام واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں جن میں انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں، ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے تاکہ متاثرین اور عوام کو انصاف مل سکے اور مستقبل میں ظلم و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام ممکن ہو۔