مقامی ۲۰ اگست ۲۰۲۶

پنجگور پولیس نے ڈکیتی کے مقدمے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا، مسروقہ سامان اور اسلحہ برآمد

پنجگور(ویب نیوز) ایس پی پنجگور کی خصوصی ہدایت پر پنجگور پولیس نے اسحاقیہ فٹبال گراؤنڈ، حاجی غازی سوردو میں ہونے والی ڈکیتی کے واقعے میں ملوث چار افراد کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر سراوان کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے حماد ولد لیاقت، عمران ولد زاہد، صدام ولد نور احمد، تینوں ساکنان تسب، اور احمد ولد اسحاق، ساکن حاجی غازی سوردو کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے مسروقہ موبائل فونز، واردات میں استعمال ہونے والی جیمنی گاڑی اور ایک 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ایک اور ملزم نمروز ولد نذیر احمد، ساکن تسب، کی گرفتاری اور اسلحہ کی برآمدگی کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجگور پولیس نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی جبکہ علاقے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے عوام کے تعاون سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔