مقامی ۱۴ مئی ۲۰۲۶

وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی کی گمشدگی: سیکیورٹی ادارے متحرک، بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں، بابر یوسفزئی

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )معاون برائے داخلہ حکومتِ بلوچستان، بابر یوسفزئی نے گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کی مستونگ کے قریب گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے تصدیق کی کہ گزشتہ روز گوادر سے کوئٹہ سفر کے دوران مستونگ کے قریب دونوں اعلی حکام کا رابطہ منقطع ہوا، جس کے بعد سے ان کے موبائل فونز بھی بند ہیں۔بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور موبائل فونز کی لوکیشن ٹریسنگ سمیت دیگر تکنیکی ذرائع سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ لاپتہ پروفیسرز کی جلد از جلد بازیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔