کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل ) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے چمالانگ (نوشام)میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی اور چار بہادر جوانوں کی نمازِ جنازہ لورالائی میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلی فوجی و سول حکام اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ترجمان کے مطابق، ان بہادر سپوتوں نے وطنِ عزیز کے امن و استحکام کے لیے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسدِ خاکی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔ اس موقع پر حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی یہ عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
