کوئٹہ (ویب نیوز) اہل سنت والجماعت کے رہنما اور فیضان اولیا فاؤنڈیشن کے بانی ذوالفقار علی طارقی قادری نے محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ کے چوتھے روز خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر کی تمام بڑی اور چھوٹی شاہراہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل کیے جائیں اور میلاد کے جلوسوں کے راستوں سمیت مرکزی سڑکوں پر بروقت صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے صفائی کے ساتھ روشنی اور پانی کے مناسب انتظامات کا بھی مطالبہ کیا تاکہ رسول اللہ ﷺ سے محبت کرنے والے پُرامن اور خوشگوار ماحول میں میلاد کی خوشیاں منا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کے جلوس، محافل اور درود و سلام ایمان کو تازہ کرنے کا ذریعہ ہیں اور مسلمان صدیوں سے میلاد منانے کے ساتھ ساتھ رسول اللہ ﷺ کی سنتوں پر عمل اور ناموسِ رسالت کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ذوالفقار طارقی نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ ﷺ صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ ایمان کی تجدید اور رسول اللہ ﷺ سے وفاداری کے اظہار کا موقع بھی ہے۔ ان کے مطابق میلاد کی محافل میں درود و سلام، نعتیہ اجتماعات، جلوس اور خدمتِ انسانیت کا جذبہ اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ امتِ مسلمہ آج بھی اپنے محبوب نبی ﷺ کی محبت میں سرشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کی اصل روح یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی رسول اللہ ﷺ کی سنتوں کے مطابق گزاریں، انسانیت کی خدمت کریں اور اپنے کردار کو سیرتِ طیبہ کا آئینہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلاد مسلمانوں کو یاد دلاتا ہے کہ دنیا و آخرت کی کامیابی رسول اللہ ﷺ کی اطاعت اور ان کے راستے پر چلنے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے قربانی دینا ایمان کا تقاضا اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی بڑی علامت ہے، جبکہ میلاد کے جلوس اور ذکر و نعت کی محافل ایمان تازہ کرنے کے ساتھ مسلمانوں کے اتحاد و یکجہتی کا پیغام بھی دیتی ہیں۔
