کوئٹہ(ویب نیوز)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بولان میں دھماکے کے باعث متاثر ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مرمتی ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے اور سوئی سدرن گیس کمپنی ہنگامی بنیادوں پر پائپ لائن کی مرمت کرکے متاثرہ اضلاع میں گیس کی فراہمی بحال کرے۔ پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بولان کی گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے بعد تاحال مرمت مکمل نہ ہونے کے باعث کوئٹہ، پشین، زیارت، مستونگ اور دیگر اضلاع شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور لاکھوں صارفین متاثر ہوئے ہیں۔ پارٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کے نئے شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کے لیے ناقابل قبول ہے، اسے فوری طور پر واپس لیا جائے اور دن کے اوقات میں مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مطابق گیس کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو صارفین کو کھانا پکانے اور روزمرہ امور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور شہری مہنگے داموں ایل پی جی سلنڈر اور دیگر متبادل ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں، جس سے کم آمدنی والے خاندانوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ ہوٹل، تندور، چھوٹے کاروبار اور گیس پر انحصار کرنے والے دیگر کاروبار بھی متاثر ہوئے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ اگر پائپ لائن کی مرمت میں سیکیورٹی کا مسئلہ ہے تو حکومت مرمتی ٹیموں اور متعلقہ ملازمین کو مکمل تحفظ فراہم کرے تاکہ تکنیکی ماہرین اطمینان کے ساتھ اپنا کام مکمل کر سکیں۔ پارٹی نے حکومت اور گیس کمپنی سے مطالبہ کیا کہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، حکومت سیکیورٹی فراہم کرے اور گیس کمپنی اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت فوری مکمل کرکے گیس بحال کرے۔ پارٹی نے یہ بھی کہا کہ گیس کی بندش کے باوجود صارفین سے باقاعدگی سے بل وصول کیے جا رہے ہیں، لہٰذا طویل بندش کے باعث عوام کو ہونے والے مالی اور گھریلو نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے۔ پارٹی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ گیس کمپنی سے مطالبہ کیا کہ بولان گیس پائپ لائن کی مرمت میں مزید تاخیر نہ کی جائے، سیکیورٹی مؤثر بنائی جائے، تمام متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد گیس بحال کی جائے اور گیس کی فراہمی کا نیا شیڈول فوری منسوخ کیا جائے۔
