مقامی ۱۶ اگست ۲۰۲۶

پشتون قومی جرگہ اجتماعی دانش کے ذریعے وطن و عوام کے مستقبل کو محفوظ بنانے کا ذریعہ ہوگا، پشتونخوامیپ

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام 30، 31 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہونے والے پشتون قومی جرگہ کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا کی زیر صدارت ضلع کوئٹہ کے صوبائی ایگزیکٹیوز، ضلع سیکرٹری و سینئر معاونین اور چاروں تحصیلوں کے سیکرٹریز و سینئر معاونین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جرگہ کے انتظامات، نظم و ضبط، معززین کو دعوت نامے پہنچانے اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا کے عوام کا کوئٹہ میں پشتون قومی جرگہ قومی روایات، اتحاد و اتفاق اور منظم ہونے کا ذریعہ ثابت ہوگا اور عوام کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرگہ میں جنوبی پشتونخوا بالخصوص کوئٹہ کے تمام اقوام، عوام اور اقلیتوں کی نمائندگی شامل ہونی چاہیے اور یہ محض روایتی اجتماع نہیں بلکہ باہمی مشاورت، اتفاق رائے اور اجتماعی دانش کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کرنے کا پلیٹ فارم ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پشتون قومی روایات میں جرگہ ہمیشہ اختلافات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرنے، مظلوم کی داد رسی اور امن و بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ رہا ہے، آج عوام کو امن و امان، تعلیم، روزگار، صحت، بجلی، گیس، صاف پانی، تجارت اور بنیادی سہولیات سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے، اس لیے جرگہ ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ ترجیحات طے کرے گا اور اعلامیہ کی روشنی میں مستقبل کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ عبدالرؤف لالا نے پشتون قومی جرگہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگنڈے کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام قومی، سیاسی و جمہوری کارکن اور باشعور، قوم دوست و وطن دوست عوام ایسی مہم کا حصہ بننے کے بجائے جرگہ کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ عوام کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے سب کو ایک میز پر لانا اور عوام کو متحد و منظم کرنا ہی جرگہ کی اصل کامیابی ہوگی۔