چمن(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع چمن کمیٹی کا اجلاس ضلعی قائم مقام سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں 30، 31 اگست اور یکم ستمبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونے والے پشتون اولس قومی جرگہ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے ضلعی قائم مقام سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی اور مرکزی ایگزیکٹیو ناظم صلاح الدین اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی چمن کے تمام قومی مشران، سول سوسائٹی اور دیگر حلقوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے بنیادی و عوامی حقوق کے حصول اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پشتون قومی جرگہ کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، اتفاق اور منظم ہوکر ہی عوام کو موجودہ اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے وطن اور عوام کو دہشت گردی، بدامنی، لاقانونیت، چوری، ڈکیتی، منشیات، قتل و غارت گری، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کا شکار بنا کر پہلے مرحلے میں کاروبار اور روزگار کے مواقع چھین لیے گئے، جبکہ تجارت پر قدغن لگا کر عوام کو معاشی مشکلات اور فاقہ کشی پر مجبور کیا گیا۔ کوئٹہ چمن اور کوئٹہ کراچی شاہراہوں پر آئے روز لوٹ مار اور بدامنی کے واقعات کے باعث عوام کا معاشی قتل عام اور نسل کشی جاری ہے اور صورتحال ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نجی و سرکاری جتھوں کے ذریعے عوام کے خون ناحق کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سب حکومتی سرپرستی میں ہورہا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کوئٹہ میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کے قومی جرگہ کی میزبانی کرتے ہوئے اپنا قومی فریضہ ادا کرے گی اور عوام سے اپیل ہے کہ جرگہ کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون اور کردار ادا کریں۔
