مقامی ۱۶ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں صاف پانی کی قلت سنگین، شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس گئے

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور متعدد علاقوں میں لوگ کئی ہفتوں سے پانی کی فراہمی سے محروم ہیں، جس کے باعث شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کی فراہمی کے منصوبے عملی طور پر ناکام ہو چکے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے اس سنگین مسئلے پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ایک شہری نے بتایا کہ وہ دن رات پانی کے انتظار میں رہتے ہیں، مگر نلکوں میں پانی نہیں آتا اور انہیں مجبوراً مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پڑتے ہیں۔ پانی کی قلت کے باعث تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور بازاروں میں بھی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو موجودہ صورتحال سنگین بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ شہریوں نے بلوچستان حکومت اور واسا سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی فراہمی کا نظام فوری طور پر بحال اور یقینی بنایا جائے اور ٹینکر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔