مقامی ۱۶ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں آٹے کی قیمتیں بے لگام، غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ چند روز کے دوران آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور شہری دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنے کے لیے شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ غریب خاندانوں کے گھروں میں چولہے جلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹے کی بوری کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے اور جو آٹا پہلے عام شہریوں کی پہنچ میں تھا، اب اس کی قیمت اتنی بڑھ چکی ہے کہ متوسط اور غریب طبقے کے لیے اس کا حصول بھی ایک مشکل امتحان بن گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت قیمتوں پر قابو پانے کے دعوے تو بہت کرتی ہے، مگر عملی طور پر مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ ایک مزدور نے اے این این کو بتایا کہ وہ روزانہ کماتے اور روزانہ کھاتے ہیں، اگر آٹا بھی مہنگا ہو گیا تو بچوں کو کیا کھلائیں گے۔ آٹے کی قیمت میں اضافے کے ساتھ نان بائیوں نے بھی روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس سے عوام پر معاشی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ غریب خاندان شدید تشویش میں مبتلا ہیں اور بعض علاقوں میں لوگ آٹا خریدنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، بصورت دیگر صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔