کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے 30 اور 31 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہونے والی پشتون قومی جرگہ کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی نائب صدر عبدالرؤف لالا کی زیر صدارت کوئٹہ ڈسٹرکٹ کے صوبائی ایگزیکٹو ارکان، ضلعی سیکرٹری، نائب صدور اور چاروں تحصیلوں کے سیکرٹریوں و نائب صدور کا مشترکہ اجلاس پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور سابق صوبائی وزیر مرحوم سردار رضا محمد باریچ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس میں جرگہ کے انتظامات، نظم و ضبط، قومی مشران اور معززین کو دعوت نامے پہنچانے سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی نائب صدر سید شراف آغا اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کی پشتون قومی جرگہ قومی روایات، اتحاد، اتفاق اور منظم ہونے کا ذریعہ بنے گی اور عوام کو درپیش موجودہ مشکلات سے نجات کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرگہ میں جنوبی پشتونخوا بالخصوص کوئٹہ کے تمام اقوام، عوام اور اقلیتوں کی نمائندگی ہونی چاہیے اور یہ محض ایک روایتی اجتماع نہیں ہوگا بلکہ باہمی مشاورت، اتفاقِ رائے اور مشترکہ شعور کے ذریعے عوامی مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کی جائیں گی۔ جرگہ کے اعلامیے کی بنیاد پر مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔ رہنماؤں نے کہا کہ پشتون قومی روایات میں جرگہ ہمیشہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے، مظلوم کی حمایت اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کے فروغ کا اہم پلیٹ فارم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پشتون عوام سماجی، معاشی، سیاسی اور سکیورٹی کے مسائل سے دوچار ہیں، اس لیے ایک باوقار، نمائندہ، سنجیدہ اور پرامن جرگہ عوام کے مشترکہ مسائل کو اجاگر کرکے ان کے عملی حل پیش کر سکتا ہے۔ جرگہ کے ذریعے امن، تعلیم، روزگار، صحت، بنیادی سہولیات، بجلی، گیس، صاف پانی، تجارت اور عوام کے تحفظ کے شعبوں میں مشترکہ ترجیحات طے کی جائیں گی۔ رہنماؤں نے پشتون قومی جرگہ کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگنڈے کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے تمام قومی، سیاسی، جمہوری، دانشور، قوم پرست، وطن دوست اور جمہوری عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کا حصہ نہ بنیں بلکہ جرگہ کی تیاریوں اور کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق عوام کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے تمام فریقوں کو ایک میز پر لانا اور عوام کو متحد و منظم کرنا ہی جرگہ کی اصل کامیابی ہوگی۔
