کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کوئٹہ ڈسٹرکٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں قلات میں شہید ابراہیم درانی (الکوزی) کے قتل کے دلخراش واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابراہیم درانی چند روز قبل کراچی سے کوئٹہ آ رہے تھے کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے اور ان کی لاش قلات کے علاقے رودینجو میں ملی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر بدامنی، قتل، اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیوں کی لوٹ مار کے مسلسل واقعات حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سنگین ناکامی کا ثبوت ہیں۔ بیان کے مطابق حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے اور کوئٹہ سے حب چوکی تک شاہراہ مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکی ہے اور حکومتی رٹ سے باہر دکھائی دیتی ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ان تمام واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ابراہیم درانی کے قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
