کوئٹہ (پ ر): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں 30، 31 اگست اور یکم ستمبر کو کوئٹہ میں مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدارت منعقد ہونے والے پشتون قومی جرگہ کی تیاریوں اور ضلع کوئٹہ کے مختلف تحصیلوں کے کانفرنسز کے انعقاد پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان اور سید شراف آغا سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ جرگہ تاریخی نوعیت کا حامل اور جنوبی پشتونخوا کے عوام کا نمائندہ جرگہ ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہنہ اوڑک، سپین کاریز، سرہ غوڑگئی، منگلہ، کچلاغ، اغبرگ، نوحصار اور دیگر علاقوں میں بدامنی اور خوف و ہراس نے عوام کو شدید ذہنی و معاشی مشکلات سے دوچار کردیا ہے جبکہ کوئٹہ شہر میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ خوف کے باعث والدین بچوں کو تعلیمی اداروں میں بھیجنے، سرکاری و نجی ملازمین کو روزگار پر جانے اور شہریوں کا محفوظ طور پر گھروں کو واپس پہنچنا بھی ایک سوال بن چکا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے موجودہ حکومت کو عوامی مسائل کے حل میں ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدامنی، بے روزگاری، تجارت پر پابندیوں اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سریاب تحصیل کانفرنس 11 ستمبر، صدر تحصیل کانفرنس 13 ستمبر، کچلاغ تحصیل کانفرنس 18 ستمبر، سٹی تحصیل کانفرنس 23 ستمبر جبکہ کوٹوال کلی عمر علاقائی یونٹ کانفرنس 21 ستمبر کو منعقد ہوگی۔ پارٹی قیادت نے ضلع کے تمام عہدیداروں، ضلعی کمیٹی کے ارکان اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کانفرنسز اور پشتون قومی جرگہ کی کامیابی کے لیے بھرپور تیاری کریں اور پارٹی نظم و ضبط کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
