کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے ہوٹلوں، موٹلز، ریزورٹس، گیسٹ ہاؤسز اور فارم ہاؤسز کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات پر کاروبار کی نوعیت کے مطابق بلوچستان سیلز ٹیکس کی شرح مقرر کردی ہے۔ موجودہ شیڈول کے مطابق غیر کارپوریٹ، غیر فرنچائز اور غیر چین کاروباری ادارے اپنی خدمات پر 5 فیصد سیلز ٹیکس ادا کریں گے، تاہم اس شرح کے تحت ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح کارپوریٹ، فرنچائز اور چین کاروباری ادارے اپنی خدمات پر 15 فیصد سیلز ٹیکس ادا کریں گے۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام متعلقہ سروس فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن مکمل کریں، مقررہ شرح کے مطابق ٹیکس وصول کریں، بروقت گوشوارے جمع کرائیں اور واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائیں۔
