کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان ہائی کورٹ نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شوکاز نوٹس کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کا انتخابی نشان واپس لینے سے متعلق جاری شوکاز نوٹس معطل کردیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 8 جولائی 2026 کو شوکاز نوٹس جاری کرکے پارٹی کا انتخابی نشان واپس لینے کی کارروائی شروع کی تھی۔ سماعت کے دوران عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مذکورہ شوکاز نوٹس کی بنیاد پر مزید کسی بھی کارروائی سے روک دیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے درخواست کی پیروی پارٹی کے مرکزی قانونی سیکریٹری اور سپریم کورٹ کے وکیل حبیب اللہ ناصر اور برخوردار اچکزئی نے کی۔ پارٹی نے عدالتی فیصلے کو اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
