کوئٹہ (ویب نیوز) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پوری قوم، بالخصوص بلوچستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں آزادی کی عظیم نعمت کے ساتھ ساتھ قومی عہد کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں یومِ آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ایڈمن جاوید علی مہر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز حسن اسد علوی، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے، صوبے کے عوام نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی قومی ترقی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم بحیثیت قوم، خصوصاً نوجوان، اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک کی ترقی میں نمایاں، مثبت اور اہم کردار ادا کریں۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے یومِ آزادی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے قیام اور بقا کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے غازیوں اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ان افراد کے انفرادی و اجتماعی کردار کو بھی سراہا جن کی بے شمار قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد اور باوقار حیثیت سے زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عہد کر رکھا ہے کہ اب اور مستقبل میں بھی پورے قومی جذبے کے ساتھ ملک و قوم کے امن، استحکام اور سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
