کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزراء نے کہا ہے کہ گوادر سے ژوب تک اور صوبے کے کونے کونے میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، مختلف تقریبات میں قومی یکجہتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، میر سلیم کھوسہ، میر ظہور احمد بلیدی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں، جدوجہد اور ہمارے اسلاف کی انتھک کوششوں کے بعد حاصل ہوا، یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال یومِ آزادی کی اہمیت دشمن پر فتح اور قومی اتحاد کی علامت کے طور پر مزید بڑھ گئی ہے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہر مشکل وقت میں ملک کے دفاع میں پیش پیش رہے ہیں اور اپنی روایات و اقدار کے امین ہیں، تاہم مٹھی بھر دہشت گرد ان روایات کو پامال کر رہے ہیں، معصوم عورتوں، بچوں اور مسافروں کو نشانہ بنانا قبائلی اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پارلیمنٹ کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا اور تمام طبقات کو متحد ہوکر اس عفریت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردوں کو ہمیشہ مسترد کیا ہے اور اب دہشت گردی و بدامنی کا خاتمہ قریب ہے۔ امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز عظیم قربانیاں دے رہی ہیں اور بہت جلد بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوگا۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ قومی عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ پاکستان کی سلامتی، یکجہتی اور ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ ہمارے آباؤ اجداد نے آزاد وطن کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں اختلافات سے بالاتر ہوکر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ صوبائی وزراء نے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی دن پر ہم سب مل کر ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کریں اور شہداء و اکابرین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔
