مقامی ۱۴ اگست ۲۰۲۶

سنجاوی، زیارت میں مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید 2 نوجوانوں کی نمازِ جنازہ ادا، آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردِ خاک

سنجاوی (ویب نیوز) زیارت کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سنجاوی کے دو نوجوانوں احسان اللہ اور محمد یونس کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد، علاقہ مکینوں، قبائلی عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد دونوں شہداء کو ان کے آبائی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردِ خاک کردیا گیا۔ شہداء کی میتیں آبائی علاقے پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم رہی۔ ذرائع کے مطابق احسان اللہ اور محمد یونس گزشتہ شب موٹر سائیکلوں پر سنجاوی سے کوئٹہ کی جانب جارہے تھے کہ زیارت کے علاقے میں مسلح افراد نے مبینہ طور پر ناکہ بندی کی۔ پہاڑی علاقے میں موجود مسلح افراد نے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ کے واقعے میں دو دیگر نوجوان زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام نے کارروائی شروع کردی اور واقعے کے محرکات اور ملوث مسلح افراد سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔