ہرنائی (ویب نیوز) ہرنائی میں نامعلوم افراد نے صبح 5 بجے پانچ میل اور 22 میل کی پولیس چوکیوں کو بارودی مواد سے نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں پانچ میل پولیس چوکی تباہ ہوگئی جبکہ 22 میل چوکی کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطابق مواصلاتی نظام نہ ہونے کے باعث 22 میل چوکی کو پہنچنے والے نقصان کی مکمل تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں چوکیاں دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں واقع ہیں اور حملے کے وقت خالی تھیں، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی سخت کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے پولیس چوکیوں پر بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کسی جانی نقصان سے بچنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر علاقے کا امن تباہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔
