مقامی ۱۴ اگست ۲۰۲۶

سریاب، کچلاک پیپلز ٹرین کا افتتاح مؤخر؛ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے سریاب اور کچلاک کے درمیان چلائی جانے والی پیپلز ٹرین کے افتتاح کو مؤخر کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ بلوچستان کے ٹرانسپورٹ سیکرٹری حیات کاکڑ کے مطابق پیپلز ٹرین کا افتتاح 14 اگست کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونا تھا، تاہم ٹرین کے ڈبوں کی آمد میں تاخیر کے باعث افتتاحی تقریب ملتوی کر دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سریاب اور کچلاک کے درمیان 32 کلومیٹر طویل روٹ کے لیے سات اسٹیشنز تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ ٹرین کے لیے خصوصی بوگیاں اسلام آباد کی کیرج فیکٹری میں تیار کی گئی ہیں، تاہم وہ ابھی تک کوئٹہ نہیں پہنچ سکی ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان حکومت، وفاقی حکومت اور محکمہ ریلوے کے درمیان مشاورت کے بعد پیپلز ٹرین کے افتتاح کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کے مطابق پیپلز ٹرین منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً 4 ارب روپے لاگت آئی ہے۔