مقامی ۱۴ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست کی سماعت؛ فریقِ مخالف کو پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کا آخری موقع

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے آئینی درخواست نمبر 1037/2025 کی سماعت کے دوران فریقِ مخالف کو پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کا آخری اور حتمی موقع دیتے ہوئے جواب جمع کرانے میں تاخیر پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ جرمانے کی رقم ایس او ایس بلوچستان کو جمع کرائی جائے اور آئندہ سماعت کے موقع پر رقم کی تصدیق شدہ رسید عدالت میں پیش کی جائے۔ 3 اگست 2026 کو جسٹس شوکت علی رخشانی اور جسٹس محمد عامر نواز رانا پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران دوسرے جواب دہندہ کے وکیل نے پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کے لیے آخری موقع دینے کی درخواست کی، جسے عدالت نے جرمانے کی شرط کے ساتھ منظور کر لیا۔ آئینی درخواست آصف اللہ ولد حشمت اللہ کی جانب سے پاکستان کے آئین 1973 کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی ہے، جس میں بلوچستان حکومت کو چیف سیکرٹری کے ذریعے اور ایک دوسرے فریق کو جواب دہندہ مقرر کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل محمود صادق کھوکھر، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ارباب نصراللہ اور دوسرے جواب دہندہ کے وکیل محمد اکرم شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل کی استدعا پر عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت تین ہفتے بعد مقرر کر دی۔