کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب نیوز )جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی قائدین مولانا عبدالقادر لونی، مفتی شفیع الدین، مولانا محمود الحسن قاسمی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کے تسلط کی وجہ سے ملک میں کبھی آٹے اور چینی کا بحران پیدا کیا جاتا ہے تو کبھی پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں، جس کے نتیجے میں سفید پوش طبقے سے لے کر غریب عوام تک سبھی شدید اذیت کا شکار ہیں۔قائدین نے مزید کہا کہ آج ملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز کی اصل وجہ پارلیمنٹ کی بجائے مقتدر قوتوں کے فیصلے ہیں، جس نے پارلیمنٹ کے وقار کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک فیصلے پارلیمنٹ کے اندر آزادانہ طور پر نہیں ہوں گے، ملک کو بحرانوں سے نجات نہیں ملے گی۔ جے یو آئی (نظریاتی) کے رہنماں کا کہنا تھا کہ عوام ان ‘جمہوری مداریوں’ کی ریشہ دوانیوں کو سمجھ چکے ہیں اور حکمرانوں کی ظالمانہ پالیسیاں ملک کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملکی بقا کے لیے خود مختار پالیسیاں اپنائی جائیں اور عوام کے بنیادی حقوق چھیننے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
