مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

جے یو آئی نظریاتی کا پشتون قومی جرگہ میں بھرپور شرکت اور حمایت کا اعلان

کوئٹہ (وېب نيوز) جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان نے پشتون قومی جرگہ میں بھرپور شرکت اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں جاری بدامنی، بنیادی حقوق سے محرومی، استحصالی اقدامات اور آئینی بحران کے پیش نظر جرگہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے پارٹی چیئرمین و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی ہدایت پر جے یو آئی نظریاتی کے مرکزی قائم مقام امیر مولانا عبدالقادر لونی سے ملاقات کرکے انہیں جرگہ میں شرکت کی دعوت دی۔ مولانا عبدالقادر لونی نے جرگہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بحرانوں سے نجات کے لیے مذہبی و سیاسی قیادت کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقوام کے حقوق، امن، انصاف اور تحفظ کے لیے جدوجہد سیاسی و مذہبی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل، سوئی گیس، سیندک، ریکوڈک، کوئلے اور کرومائٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی اور رائلٹی میں مقامی آبادی کو ان کے حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی خودمختاری اور قدرتی وسائل پر آئینی حق کے باوجود بلوچستان کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں، جبکہ قومی شاہراہوں پر شہریوں اور تاجروں کا تحفظ بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ مولانا لونی نے کہا کہ سرحدی تجارت کی بندش، وسائل پر اختیار اور چیک پوسٹوں کے مسائل نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ ملک میں جاری جمہوری و آئینی بحران کے باعث پارلیمنٹ کا وقار بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پارلیمان کی بالادستی اور ریاستی اداروں کا آئینی حدود میں رہنا ضروری ہے اور بلوچستان کے موجودہ بحران کے حل کے لیے تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو مل بیٹھ کر متفقہ لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔