کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مہنگائی میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، جبکہ گرانفروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتیں من مانی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ سبزیوں، پھلوں، گوشت، دودھ، آٹے، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہونے سے عوام شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے اور بیشتر دکاندار اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جبکہ قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے مؤثر نگرانی نظر نہیں آتی۔ عوام کے مطابق محدود آمدنی میں گھریلو بجٹ چلانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے، تنخواہیں وہی ہیں لیکن روزمرہ زندگی کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ وقتاً فوقتاً گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کے دعوے کرتی ہے، تاہم بازاروں میں صورتحال تبدیل نہیں ہوئی۔ شہریوں نے بلوچستان حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ کے تمام بازاروں اور علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی یقینی بنائی جائے، سرکاری نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں اور نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے گرانفروشوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ عوام نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ تمام علاقوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کی جائے اور روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے مستقل اور مؤثر نظام قائم کیا جائے۔
