کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سڑکوں کی خستہ حالی اور جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں گڑھوں، کھلے مین ہولز اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ حادثات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے سڑکوں کی مرمت کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا، روزانہ گاڑیوں کی مرمت پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ بارش کے دوران سڑکوں کے گڑھے پانی سے بھر جانے کے باعث صورتحال مزید خطرناک ہوجاتی ہے۔ عوامی حلقوں اور شہری تنظیموں نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ کی سڑکوں کی مرمت و بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کے ذرائع کے مطابق سڑکوں کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور فنڈز کے اجراء کے بعد پہلے مرحلے میں مصروف ترین شاہراہوں کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔
