مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ، ٹریفک جام معمول بن گیا، شہری اذیت میں مبتلا، حکام کی خاموشی پر سوالات

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک جام مستقل اور سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزانہ گھنٹوں سڑکوں پر اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جناح روڈ، کاسی روڈ، سریاب روڈ، میکانگی روڈ، بروری، اسپنی روڈ، سمنگلی روڈ سمیت شہر کے دیگر اہم علاقوں میں گاڑیوں کی طویل قطاریں معمول بن گئی ہیں، جبکہ دفتری اور اسکول اوقات میں صورتحال مزید سنگین ہوجاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام کے باعث ایمبولینسیں بھی بروقت اسپتال نہیں پہنچ پاتیں، جس سے مریضوں اور زخمیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سڑکوں کی تنگی، ناقص منصوبہ بندی، تجاوزات، غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، خراب یا ناکافی ٹریفک سگنلز اور ٹریفک پولیس کی کمی اس مسئلے کی بڑی وجوہات ہیں۔ شہریوں اور ماہرین نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ، ٹریفک پولیس کی نفری میں اضافہ، بڑے چوراہوں پر جدید ٹریفک سگنلز کی تنصیب، مخصوص اوقات میں ہیوی ٹریفک پر پابندی اور مؤثر ماس ٹرانزٹ یا پبلک ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔