مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، میر شعیب نوشیروانی

کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی معاشی ترقی، مالی نظم و ضبط اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، بجٹ میں عوامی ریلیف، ترقیاتی منصوبوں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی کی دوڑ میں شامل کیا جاسکے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکولوں، اسپتالوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ محکموں کو شفاف انداز میں فنڈز کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی بے ضابطگیوں، غیر ضروری اخراجات اور فنڈز کے ضیاع کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، خزانے کا ہر روپیہ عوام کی امانت ہے اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ صوبے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے مقامی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ٹیکس نظام میں بہتری، معدنی وسائل سے حاصل آمدن کو منظم کرنے اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئی پالیسیاں تیار کی جارہی ہیں تاکہ بلوچستان کا وفاق پر انحصار کم ہو اور صوبہ اپنے وسائل سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کو بروقت ادائیگی کے لیے الگ فنڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے روزگار، تعلیم، صحت، پینے کے پانی، زراعت اور انفراسٹرکچر کو بھی ترجیح دی ہے، ہمارا مقصد صرف کاغذی ترقی نہیں بلکہ زمینی سطح پر ایسی بہتری لانا ہے جس کے ثمرات ہر شہری محسوس کرے۔