کوئٹہ(ویب نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بابڑہ سانحہ ہماری تاریخ کا ایک دردناک باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، جبکہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی قربانیاں ہمیشہ ہمیں انصاف، جمہوریت، امن اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کا درس دیتی رہیں گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے بابڑہ سانحہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی قربانیوں اور تاریخی حقائق کو آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی یاد ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی اور ان کی قربانیاں امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کی مشعل راہ رہیں گی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ وہ آج بھی امن، عدم تشدد اور جمہوریت کے اصولوں پر قائم ہیں اور اپنے حقوق کے لیے پرامن مگر مضبوط انداز میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابڑہ کے شہداء کی قربانیاں آج بھی پشتونوں کے سیاسی شعور کو تقویت فراہم کرتی ہیں اور ان کی یاد پائیدار امن کے مطالبے کی علامت رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ باچا خان کے فلسفۂ عدم تشدد کو زندہ رکھا جائے اور تاریخ کو فراموش کیے بغیر شہداء کی قربانیوں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔
