کوئٹہ(ویب نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو نے بلوچستان کے بابا میر غوث بخش بزنجو کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ میر غوث بخش بزنجو محض ایک سیاسی شخصیت نہیں تھے بلکہ ایک سیاسی عہد، تاریخ، فکری مکتب، جمہوری روایت اور قومی شعور کی روشن علامت تھے، جن کی فکر آج بھی بلوچستان اور پاکستان کے سیاسی میدان میں رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر بزنجو سیاست کو اقتدار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ عوام کی خدمت، اصول پسندی، برداشت، رواداری اور قومی ذمہ داری کا نام سمجھتے تھے اور اپنی پوری سیاسی زندگی میں انسان دوستی، جمہوریت، پارلیمانی بالادستی، قومی خودمختاری اور قومی حقوق کے لیے اصولی جدوجہد کرتے رہے۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ بابائے بلوچستان کا یقین تھا کہ قوموں کے مسائل طاقت کے بجائے مذاکرات، جمہوری بالادستی اور عوام کے اعتماد کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں، اور انہوں نے سیاست میں برداشت اور مکالمے کی روایت کو مضبوط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میر بزنجو نے ثابت کیا کہ ایک شخص اپنے نظریات پر مضبوطی سے قائم رہتے ہوئے مخالف رائے کے لیے بھی جگہ پیدا کرسکتا ہے اور قومی حقوق کی جدوجہد کو نفرت، تعصب اور انتشار سے محفوظ رکھتے ہوئے جمہوری دائرے میں آگے بڑھا سکتا ہے۔ لانگو نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں ذاتی مفادات کی سیاست، طاقت کی حکمرانی، عدم برداشت اور سیاسی اخلاقیات کی کمزوری نے معاشرے، معیشت، سیاست اور ثقافتی اقدار پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر بزنجو کی سیاسی فکر کے مطابق بلوچستان میں امن کا راستہ طاقت کے استعمال، سیاسی آوازوں کو دبانے یا عوامی مسائل سے آنکھیں چرانے کے ذریعے نہیں بلکہ اعتماد سازی، بامعنی سیاسی مذاکرات، آئینی ضمانتوں اور عوام کے حقِ حکمرانی کو تسلیم کرنے سے نکلتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ محرومی، بے روزگاری، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم، تعلیم و صحت کی کمزوریاں اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی صرف انتظامی اقدامات سے حل نہیں ہوسکتیں بلکہ سنجیدہ، دوراندیش اور عوام دوست سیاست کی ضرورت ہے۔ لانگو نے کہا کہ میر غوث بخش بزنجو کا نام صرف ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ ایسے سیاسی عہد کی علامت ہے جس میں اصول، کردار، عوام سے وابستگی اور جمہوری جدوجہد بنیادی اقدار تھیں، اور ان کی فکر اس وقت تک زندہ رہے گی جب تک بلوچستان کے نوجوان اپنے حقوق، شناخت، وسائل اور باوقار مستقبل کے لیے شعور، دلیل اور جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی بابائے بلوچستان کے فکری، جمہوری اور قومی ورثے کو آگے بڑھاتے ہوئے عوام کے سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
