کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ کے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکریٹری حاجی عین اللہ شمس اور دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ شہر میں چوری، ڈکیتی اور رہزنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔ ان کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں، گلیوں اور شاہراہوں پر چوری، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر بلا خوف وارداتیں کرکے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں، جس سے عوام میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا کہ سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ بیشتر متاثرہ افراد واردات کے بعد پولیس سے رجوع کرتے ہیں، لیکن ایف آئی آر کے اندراج کے مرحلے پر بھی انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کی شکایات پر ایف آئی آر بھی درج نہ ہو اور جرائم پیشہ عناصر آزادانہ طور پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں تو قانون کی حکمرانی اور ریاستی رٹ کے حوالے سے سوالات اٹھنا فطری امر ہے۔ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ رسمی بیانات اور نمائشی اقدامات کے بجائے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ افراد کی شکایات پر فوری مقدمات درج کیے جائیں۔ جے یو آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے اور عوام کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
