کوئٹہ (ویب نیوز) شہر میں ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں، کوئٹہ کے مختلف علاقوں، گلیوں، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ متعدد مقامات پر سخت ناکے اور چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ اپریشنز جاری ہیں، اس دوران مشتبہ افراد اور مقامات کی چیکنگ کے ساتھ بعض علاقوں میں گھروں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی اور چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور گلیوں میں اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے باعث شہریوں کو چیکنگ کا سامنا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اقدامات کا مقصد کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام اور شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے۔
