کوئٹہ (یب نیوز) بلوچستان کانسٹیبلری نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 218 لیویز اہلکاروں کو حکم دیا ہے کہ وہ سی پیک ونگ سے متعلق یونٹس میں پانچ دن کے اندر اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ بلوچستان کانسٹیبلری کے بیان کے مطابق ان اہلکاروں میں گوادر کے 174، جھل مگسی کے 3، قلات کے 5، خضدار کے 12، مستونگ کا ایک، پنجگور کا ایک، پشین کا ایک، شیرانی کا ایک، سوراب کے 11 اور واشک کے 9 لیویز اہلکار شامل ہیں۔ متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر متعلقہ دفتر یا یونٹ میں رپورٹ کریں تاکہ سی پیک ونگ کے لیے اضافی نفری کی تعیناتی اور سکیورٹی انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ پانچ دن کے اندر حاضر نہ ہونے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ قواعد کے تحت سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی، جس میں ملازمت سے برطرفی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ حکام کے مطابق اضافی نفری کی تعیناتی سے سی پیک سے متعلق منصوبوں، شاہراہوں اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
