مقامی ۱۰ اگست ۲۰۲۶

ژوب: اساتذہ کی غیرحاضری اور مہنگے یونیفارم کے خلاف طلبہ کا احتجاج، کوئٹہ قومی شاہراہ بند

ژوب (یب نیوز) گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول علی خانزی کے درجنوں طلبہ نے اساتذہ کی غیرحاضری اور مہنگے یونیفارم، ٹوپی اور بیجز فراہم کیے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ قومی شاہراہ کو بند کر دیا۔ طلبہ کے شاہراہ پر دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل رہی اور سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ احتجاج کرنے والے طلبہ نے الزام عائد کیا کہ اسکول میں دو درجن سے زائد اساتذہ تعینات ہیں، تاہم پرنسپل سمیت بیشتر اساتذہ باقاعدگی سے اسکول نہیں اتے اور متبادل اساتذہ سمیت صرف سات سے اٹھ اساتذہ تدریسی امور انجام دے رہے ہیں۔ طلبہ نے مزید الزام عائد کیا کہ سرکاری اسکول میں یونیفارم، ٹوپی اور بیجز طلبہ کو مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث غریب طلبہ اور ان کے خاندان مشکلات کا شکار ہیں۔ احتجاج کی اطلاع ملنے پر ژوب کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس گلاب الدین کاکڑ موقع پر پہنچے اور طلبہ و والدین سے مذاکرات کیے، جس کے بعد انہیں ڈپٹی کمشنر کے دفتر لے جایا گیا جہاں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ حکام کی یقین دہانی اور کامیاب مذاکرات کے بعد طلبہ نے احتجاج ختم کر دیا اور قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی، جس سے ٹریفک کی روانی معمول پر ا گئی۔ طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی جائے اور یونیفارم، ٹوپی اور بیجز کی قیمتوں کے حوالے سے کارروائی کی جائے تاکہ غریب طلبہ کو سہولت فراہم کی جا سکے۔