مقامی ۱۰ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان پولیس چیف محمد طاہر کا کوئٹہ کے پولیس مراکز اور حساس علاقوں کا تفصیلی دورہ

کوئٹہ (یب نیوز) بلوچستان پولیس کے سربراہ محمد طاہر نے کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عمران شوکت اور اپریشنز کے سینئر پولیس افسر ضیاء الحق مندوخیل کے ہمراہ سریاب تھانے، نیو سریاب تھانے، پولیس ٹریننگ کالج، قاسم لائن اور ایسٹ بائی پاس سے متعلق اے ٹی ایف کمپلیکس سمیت شہر کے اہم پولیس مراکز اور حساس علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام کے اقدامات، پولیس گشت، سکیورٹی چوکیوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی، پولیس نفری کی تعیناتی اور تھانوں کے انتظامی امور کا جائزہ لیا، جبکہ متعلقہ افسران نے انہیں اپنے علاقوں کی سکیورٹی صورتحال، جرائم، گشت، ناکہ بندی، تفتیشی کارروائیوں اور درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ محمد طاہر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ہر صورت شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، جرائم کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور سریاب، نیو سریاب، ایسٹ بائی پاس اور ملحقہ علاقوں میں پولیس گشت بڑھایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس افسران فیلڈ میں فعال موجودگی یقینی بنائیں اور صرف دفاتر تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے علاقوں کے پولیسنگ نظام کی خود نگرانی کریں۔ بلوچستان پولیس چیف نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ، ان کی شکایات بروقت سننا اور قانون کے مطابق کارروائی کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ تھانہ عوام کے لیے خوف کی جگہ نہیں بلکہ انصاف اور داد رسی کا مرکز ہونا چاہیے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی حاضری، گشت، ایف ائی ار کے اندراج، تحقیقات، ملزمان کی گرفتاری اور مقدمات میں پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج، قاسم لائن اور اے ٹی ایف کمپلیکس میں پولیس کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور فیلڈ اپریشنز کے لیے تیاری کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کو جدید ہتھیاروں، تفتیش، انٹیلی جنس پولیسنگ، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کے شعبوں میں مسلسل تربیت دی جانی چاہیے۔ محمد طاہر نے بلوچستان پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے پولیس اور عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ قبائلی عمائدین، تاجروں، عوامی نمائندوں اور دیگر سماجی حلقوں سے باقاعدہ رابطہ جرائم اور مشکوک سرگرمیوں سے متعلق بروقت معلومات کے حصول کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام اہم اور حساس علاقوں میں سکیورٹی انتظامات مزید مضبوط، پولیس گشت مؤثر اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس فورس کو ہر وقت تیار رکھا جائے تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔