بولان (ویب نیوز) ــ بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں گزشتہ شب نامعلوم افراد کی جانب سے یکے بعد دیگرے دو دھماکے کیے گئے، تاہم دونوں واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اطلاعات کے مطابق پہلا دھماکہ صبری کے علاقے میں ڈھاڈر شہر سے سنی گاؤں جانے والی شاہراہ پر ایک پل کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں پل کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ دوسرا دھماکہ ڈھاڈر کے محکمہ زراعت کے دفتر کے مرکزی دروازے کے قریب کیا گیا، جس سے دفتر کی بیرونی دیوار کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈھاڈر پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
