کوئٹہ (ویب نیوز) ــ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی رہنما انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کراچی میں پشتون تاجروں پر پولیس کی جانب سے مبینہ تشدد، گرفتاریوں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس سے قبل بھی پشتونوں کے ساتھ ایسے واقعات کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں اور عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ ان واقعات کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہے اور آئندہ بھی پشتونوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ زمرک اچکزئی نے کہا کہ پشتون تاجروں پر پولیس کے مبینہ تشدد اور ان کی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، کیونکہ کسی بھی شہری کے ساتھ قانون کے خلاف سلوک قابل قبول نہیں اور ایسے واقعات عوام میں بے چینی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ تشدد اور گرفتاریوں کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر پولیس اہلکار یا افسران ملوث ثابت ہوں تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون ملک کی معیشت اور تجارتی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی جان، مال اور کاروبار کا تحفظ ریاست اور متعلقہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ زمرک اچکزئی نے زور دیا کہ عوامی نیشنل پارٹی پشتونوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے خلاف ہر قسم کے ناروا سلوک کے خلاف تمام آئینی اور جمہوری فورمز پر آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
