مقامی ۱۰ اگست ۲۰۲۶

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی: سیاسی و جمہوری رہنماؤں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بدستور جاری

کوئٹہ (ویب نیوز) ــ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کے محافظوں کے کراچی میں واقع فلیٹ میں سیکیورٹی فورسز کے داخل ہونے اور وہاں موجود محافظوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سردار اختر جان مینگل کے محافظوں کے فلیٹ میں سیکیورٹی فورسز کا داخل ہونا اور عملے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانا ملک کے آئین اور انسانی حقوق کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی اور قانون شکنی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سیاست، جمہوریت اور جمہوری نظام کی بات کرنے والی جماعتوں اور ان کے صفِ اول کے رہنماؤں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، جس سے نفرت اور بے اعتمادی میں اضافے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے ناروا، غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات فوری طور پر بند کیے جائیں اور واقعے میں ملوث پولیس افسران اور دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ملک کے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اس نوعیت کے سلوک کا راستہ روکا جا سکے۔