مقامی ۹ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان کے صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ کا 8 اگست کے شہداء کو خراجِ عقیدت، مکہ معاہدے کا خیرمقدم

کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان کے صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے 8 اگست کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں وکلا کی بڑے پیمانے پر شہادت بلوچستان کی تاریخ کا ایک انتہائی دردناک اور ناقابلِ فراموش سانحہ ہے، جو انسانی تاریخ میں دہشت گردی کی بدترین مثالوں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے وکلا کو نشانہ بنا کر قانون، انصاف اور انسانی حقوق پر شدید حملہ کیا اور بلوچستان کو نامور قانون دانوں اور دانشوروں سے محروم کر دیا۔ شہداء کے خاندان، پاکستان اور بلوچستان کی قانونی برادری اس اچانک سانحے کے ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار ہوئے ہیں۔ حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ آج پورے ملک میں شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی جا رہی ہیں، جو دہشت گردوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ وکلا سرخرو اور دہشت گرد ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے لیے قوم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے اور حکومت و عوام مل کر دہشت گردی کی جڑیں ختم کریں گے۔ صوبائی وزیر نے ہنگو میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ’’فتنۂ خوارج‘‘ کے سات دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کیا اور آپریشن کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کی قربانی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کو پاکستان میں پناہ نہیں دی جائے گی۔ ریاستی حاکمیت کے خلاف کھڑے ہونے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ حاجی نورمحمد خان دمڑ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و استقامت عطا کرے۔ ایک الگ بیان میں صوبائی وزیر نے مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اتحاد، امن اور علاقائی تعاون کی نئی مثال ہے۔ ان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ معاہدہ باہمی اعتماد، اتحاد اور مشترکہ دفاع کے لیے تینوں اسلامی ممالک کے عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط تعاون پورے خطے کے پرامن اور محفوظ مستقبل کے لیے ضمانت کا کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی واضح علامت ہے۔