کوئٹہ(ویب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر اور دانشور میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے کثیر القومی ملک میں صوبوں کو محض انتظامی بنیادوں پر تقسیم کرنا ملکی استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مرحوم میر غوث بخش بزنجو کے فلسفے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے صرف انتظامی اکائیاں نہیں بلکہ تاریخی، ثقافتی، لسانی اور جغرافیائی شناخت رکھتے ہیں، جو صدیوں پر محیط تاریخ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبے کی الگ شناخت اور اجتماعی ورثے کا احترام ضروری ہے، کیونکہ اس حقیقت کو نظر انداز کرنا عوامی جذبات کو مجروح کرنے اور ملک میں مزید مسائل پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
