کوئٹہ(ویب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ان کے جائز مطالبات کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 986 دکانداروں اور حلیم پلازہ کے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم آغا نے حکومتی یقین دہانی کے بعد احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا جائے گا، جبکہ اسماء جٹک کے والد کے قتل کیس میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
